میانوالی کالونی،آئل ٹینکر کی ٹکر سے 2افراد جاں بحق

میانوالی کالونی،آئل ٹینکر کی ٹکر سے 2افراد جاں بحق

حادثہ سڑک کنارے ٹینکر کو عقب سے آنے والے ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیاٹینکرز میں ڈیزل بھرا ہوا تھا ، حادثے کے بعد دونوں ڈرائیور موقع سے فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر )منگھوپیر کے علاقے میانوالی کالونی میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی کالونی ایف 11 بس اسٹاپ کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ لال مان شاہ ولد زیر الدین اور 25 سالہ اسد اللہ ولد بسم اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ آئل ٹینکر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ سڑک کے کنارے ایک آئل ٹینکر پہلے سے خراب حالت میں کھڑا تھا کہ پیچھے سے آنے والے آئل ٹینکر نے اسے ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں ٹینکر بے قابو ہوکر ایک ڈمپر سے بھی جا ٹکرایا اور اس دوران دو افراد ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز میں ڈیزل بھرا ہوا تھا جبکہ حادثے کے بعد دونوں ٹینکرز کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے احتیاطی طور پر عوام کو جائے حادثہ سے دور رکھا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے جاں بحق افراد کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ تاحال دونوں جاں بحق افراد کے حوالے سے موٹر سائیکل سوار ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ حادثہ کیسے پیش آیا تفتیش کی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں