زیریں سندھ میں گرد آلود ہواؤں سے معمولات شدید متاثر
اشتہاری بورڈز گرگئے ، فصلوں کوشدید نقصان، بجلی کی فراہمی میں بھی خللدمے کے مریضوں کو سخت مشکلات، کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
پنگریو (نمائندہ دنیا)زیریں سندھ میں چلنے والی تیز ہواؤں نے شہری و دیہی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوگئے اور لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ اٹھنے والی گرد و غبار نے فضا کو آلودہ کر دیا۔ مختلف علاقوں میں سائن بورڈز اور ہورڈنگز گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب بجلی کی ترسیلی لائنوں پر دباؤ اور تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل یا متاثر رہی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ زرعی شعبہ بھی اس صورتحال سے محفوظ نہ رہ سکا۔
تیز ہواؤں کے باعث آم، چیکو اور فالسے کے باغات کو نقصان پہنچا ہے ، جبکہ کئی جگہوں پر درختوں سے کچے پھل گرگئے ، جس سے کاشتکاروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ طبی ماہرین کے مطابق گرد آلود فضا کے باعث آنکھوں کی بیماری آشوبِ چشم اور دمے کے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ متعلقہ اداروں نے صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے بجلی کی بحالی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔