ثروت اعجاز قادری اور اویس نورانی کی ملاقات
ایران پر جنگ اور مسلم ممالک کی ذمہ داریوں پر رہنماؤں کا اظہار تشویشعالمی طاقتوں کی پالیسیاں مسلم ممالک کو کمزور کرنے کی سازش ،سربراہ سنی تحریک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے جمیعت علماء پاکستان کے صدر صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی کی رہائشگاہ بیت الرضوان میں ملاقات کی،ملاقات میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال،ایران پر مسلط کی جانے والی جنگ اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ایران پر مسلط کی جانے والی جنگ خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے اور اس کے اثرات پوری مسلم دنیا پر مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی پالیسیاں مسلم ممالک کو کمزور کرنے کی سازش ہیں،اس لیے ضروری ہے کہ تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔
پاکستان کو بھی اس نازک صورتحال میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے موثر آواز بلند کرنی چاہیے ۔صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش مسائل کا واحد حل اتحاد اور یکجہتی میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک نے باہمی اختلافات کو ختم نہ کیا تو دشمن قوتیں اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گی۔ایران کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی جنگیں خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کریں گی۔ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی،معاشی اور سماجی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔