میئر کی جاپانی تاجروں کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی
سیوریج، بائیو گیس اور ماحول دوست توانائی کے مشترکہ منصوبے کے خواہاں مرتضیٰ وہاب کی جاپانی سفیر سے ملاقات، سرمایہ کاری اور شہری ترقی پر تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان میں جاپان کے سفیر سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور شہری ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جاپان کے قونصل جنرل کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ میئر کراچی نے جاپانی سفیر کو کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ جاپان کا پاکستان اور اس کے عوام کے لیے تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جاپان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور جاپانی عوام کی پاکستان سے محبت قابلِ تحسین ہے۔
مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر بتایا کہ میونسپل نظام کی بہتری کے حوالے سے جاپانی کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، جبکہ کراچی میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ہر شعبے میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ سیوریج، بائیو گیس اور ماحول دوست توانائی کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میڈیکل فیلڈ سے وابستہ پروفیشنلز کو جاپان بھیجنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔