سات سالہ ابان کے قتل میں نامزد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

سات سالہ ابان کے قتل میں نامزد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے فیڈرل بی ایریا میں سات سالہ ابان کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم سفیان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

 عدالت کے روبرو سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کا کوئی چشم دید گواہ موجود نہیں اور وقوعہ کے وقت ملزم کم عمر تھا، اس لیے اسے ضمانت دی جائے ۔ دوسری جانب پراسیکیوٹر حنا ناز نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل اور اس کی خون آلود شرٹ برآمد ہوئی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اور مقتول کو ایک ساتھ جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگین نوعیت کے الزامات میں محض کم عمری کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کے مطابق مقدمے کے ٹرائل میں تاخیر دفاع کی جانب سے کی گئی، اس لیے ملزم کو اس بنیاد پر ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ استغاثہ کے مطابق واقعہ فروری 2024 میں پیش آیا، جب ملزم سفیان نے اپنے کزن سات سالہ ابان کو چھری سے گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں درج ہے ۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں