وزیرداخلہ کی خودمختار ریسکیو اتھارٹی کے قیام کی تجویز

وزیرداخلہ کی خودمختار ریسکیو اتھارٹی کے قیام کی تجویز

وسائل کے بہترین استعمال کیلئے ریسکیو ادارے ایک چھتری تلے کام کریں،ضیالنجار ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی تنظیم نو اور بہتری پر غور وخوض سے متعلق اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی چیئرمین شپ میں سندھ میں ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی تنظیم نو اور بہتری پر غور وخوض سے متعلق کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں متعلقہ محکموں کے اعلی افسران اور حکام نے شرکت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں ریسکیو کے تمام ادارے ایک چھتری تلے کام کریں تاکہ وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکے اور ہنگامی حالات میں فوری اور موثر ردعمل ممکن ہو۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایک خودمختار ریسکیو اتھارٹی قائم کی جائے جو تمام متعلقہ اداروں کو ایک مرکزی نظام کے تحت منظم کرے اور اسی اتھارٹی کے ذریعے تمام ریسکیو سرگرمیاں انجام دی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو کے بعد ریلیف کا مرحلہ نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے ، اس لیے ایک جامع اور مربوط نظام کی تشکیل ناگزیر ہے ۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مجوزہ ریسکیو اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات جلد از جلد مرتب کر کے کمیٹی کو ارسال کی جائیں، جس کے بعد انہیں وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے اتھارٹی کے لیے موثر ایس او پیز ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ادارے کو مضبوط اور فعال بنانا ہوگا تاکہ یہ ایک رول ماڈل کے طور پر کام کر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں