عمارتوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹیلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت
مخدوش عمارتوں سے متعلق قوانین میں شفافیت کی بنیادی حیثیت ہوگی ،ناصرشاہشہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے ،صوبائی وزیر بلدیات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کمشنر آفس کراچی میں مخدوش عمارتوں سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، چیئرمین آباد اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں شہر بھر میں موجود خطرناک و خستہ حال عمارتوں کی صورتحال، شہریوں کو درپیش خطرات اور ان کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت دی کہ مخدوش عمارتوں کی نشاندہی، ان کے مکینوں کی محفوظ منتقلی اور بعد ازاں عمارتوں کے انہدام کے عمل کو مربوط اور شفاف بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ، حکومت مخدوش عمارتوں سے متعلق نئے قوانین متعارف کروا رہی ہے جن میں شفافیت کو بنیادی حیثیت حاصل ہوگی جبکہ ان قوانین میں عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ عمارتوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹیلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ معلومات تک رسائی آسان ہو اور غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے ، مخدوش عمارتیں نہ صرف مکینوں بلکہ اطراف میں رہنے والے افراد کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں ۔