معروف ریسٹورنٹ بڑی مقدار میں مضرِ صحت گوشت برآمد ہونے پر سربمہر
کراچی (آئی این پی )گلستان جوہر میں معروف ریسٹورنٹ کو بڑی مقدار میں مضرِ صحت گوشت برآمد ہونے پر سربمہرکردیا گیا۔تفصیل کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں عوامی شکایات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک معروف شنواری ریسٹورنٹ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ریسٹورنٹ سے بڑی مقدار میں ایسا گوشت برآمد ہوا جو انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضرِ صحت اور ناقص تھا۔معائنے کے دوران پایا گیا کہ ریسٹورنٹ کے فریزر کی حالت انتہائی ابتر تھی، جبکہ اشیائے خورونوش کھلی پڑی تھیں اور کچن میں صفائی کے انتظامات بھی ناقص تھے ،ریسٹورنٹ کو فوری سربمہر کر دیا گیا اور مالکان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن جاری رہے گا۔