کے ایم سی فنڈز میں مبینہ خورد برد،سابق افسران پر فردِ جرم عائد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اینٹی کرپشن عدالت نے کے ایم سی فنڈز میں مبینہ خورد برد، جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں سابق افسران پر فردِ جرم عائد کر دی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان پر الزامات پڑھ کر سنائے تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان میں کے ایم سی کے سابق ڈی جی ٹیکنیکل سروسز، سابق ڈائریکٹر پارکس ڈی ایم سی شرقی، سابق ڈائریکٹر فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسطی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے ایم سی سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزمان نے ترقیاتی کاموں کے نام پر کرپشن کی اور کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں مبینہ طور پر 80 کروڑ روپے سے زائد کی خرد برد کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ترقیاتی کاموں کے جعلی ٹینڈر بھی جاری کیے ۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 19 مئی تک ملتوی کر دی۔