جاب فیئر سے روزگار کے دروازے کھلیں گے ،ناصرشاہ
اسپیشل افراد کے جاب کوٹے پر عمل درآمد کے لیے سندھ حکومت متحرک ہے سرکاری ونجی اداروں میں نئے کوٹے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، وزیر بلدیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیر بلدیات ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایکسپو سینٹر میں منعقدہ جاب اینڈ ایجوکیشنل فیئر نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے دروازے کھولے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ چوتھے سالانہ جاب اینڈ ایجوکیشن فیئر کے افتتاحی تقریب کے موقع پرخطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے علاوہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے علاوہ دیگر معززین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سرکاری اور نجی اداروں میں اسپیشل افراد کیلئے مختص جاب کوٹے پر عمل درآمد کیلئے سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
سرکاری اداروں میں اسپیشل افراد کے کوٹے پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے جبکہ پبلک سیکٹرز اور صنعتی اداروں میں نئی جاب کوٹے پر عمل کیلئے ممکن کاوشیں کی جا رہی ہیں، نمائش میں نہ صرف سرکاری اداروں بلکہ بڑی تعداد میں پبلک سیکٹرز کے بھی اسٹالز موجود ہیں جو کی خوش آئند بات ہے ۔گزشتہ نمائش سے کافی بے روزگاروں کو جاب کے حوالے سے فوائد حاصل ہوئے ہیں، امید ہے کہ اس دفعہ بھی جاب کے حوالے سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔اس موقع پر وزیر بلدیات کو یادگار ری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ناصر حسین شاہ نے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔