کے ایم سی،واٹر کارپوریشن کا مشترکہ منصوبہ بندی پر اتفاق

کے ایم سی،واٹر کارپوریشن کا مشترکہ منصوبہ بندی پر اتفاق

عوامی وسائل کے ضیاع کو روکنے کیلئے تمام کام باہمی مشاورت سے ہوں گے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ تعمیراتی معیار کی نگرانی کرے گا،میئربیرسٹرمرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پائیدار شہری ترقی کو یقینی بنانے ، کام کو دہرانے سے بچنے اور شہر بھر میں انفرااسٹرکچر کی بہتر منصوبہ بندی کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے تمام جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کو مشترکہ طور پر منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے تحت لانے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ ہدایت میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ میئر نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان کے باعث شہریوں کی جانب سے انفرااسٹرکچر کی خرابی سے متعلق متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ان مسائل کے حل کیلئے واضح اور جامع رہنما اصول مرتب کرنا ناگزیر ہے تاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں کارکردگی، معیار اور طویل المدتی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ میئر نے ہدایت کی کہ اب سے کوئی بھی منصوبہ کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کے درمیان پیشگی مشترکہ منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کے بغیر شروع نہیں کیا جائے گا، یہ طریقہ کار نہ صرف عوامی وسائل کے ضیاع کو روکے گا بلکہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط اور منظم بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ میئر نے بتایا کہ کے ایم سی پہلے ہی ایک تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کر چکی ہے جو بڑے منصوبوں میں کام کے معیار کی آزادانہ نگرانی کرے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں