کمشنر کا سول اسپتال کا دورہ،پولیو ویکسی نیشن کا معائنہ
کوئی بچہ محروم نہ رہے ،حسن نقوی ،دیگر اسپتالوں میں بھی انتظامات کی ہدایت 25لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف، 23ہزار ورکرز فرائض انجام دے رہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہرقائد میں انسداد پولیو مہم جاری ہے ،اس سلسلے میں کمشنر سید حسن نقوی نے منگل کو سول اسپتال کا دورہ کیا اور بچوں کی ویکسی نیشن کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی جاویدنبی کھوسو میڈیکل سپریٹنڈنٹ خالد بخاری، کوآرڈینیٹر کمشنرپولیو ٹاسک فورس سعود یعقوب اور دیگر نے کمشنر کو بریفنگ دی ۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ہائی رسک یونین کونسلوں اور اسپتالوں میں ویکسی نیشن کے انتظامات کئے گئے ہیں ،گھر گھر انسداد پولیو مہم میں اسپتالوں اوراسکولوں کے بچوں کی ویکسی نیشن بھی کی جارہی ہے ۔سول اسپتال میں آنے والے بچے ویکسی نیشن کے لئے مطلوب سب سے اہم بچے ہیں جو بچوں میں پرارٹی ون بچوں میں شامل ہیں۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، سول اسپتال اور دیگر اہم اسپتالوں میں بھی ویکسی نیشن کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ سول اسپتال آنے والے بچوں کی کوریج کیلئے پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، کو شش کی جاتی ہے کہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے جن بچوں کی ویکسی نیشن کی جاتی ہے ان کا ریکارڈ بھی محفوظ کیا جاتا ہے ۔انسداد پولیو مہم میں کراچی میں پانچ سال تک کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔مہم میں23 ہزارپولیو ورکرز فرائض انجام دیے رہے ہیں جبکہ 7 ہزار سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیے رہے ہیں ،500 لیڈی پولیس کانسٹیبل بھی تعینات کیاگیا ہے ۔