عیدالاضحی صفائی پلان، سالڈ ویسٹ حکام کی تیاریاں تیز
آلائشیں اٹھانے کیلئے کلیکشن پوائنٹس، گاڑیاں اور عملہ فائنل کرنے کی ہدایتعوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح، شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں،طارق علی نظامانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی زیرِ صدارت اجلاس میں عیدالاضحی انتظامات کے سلسلے میں حکمت عملی مرتب دینے کے حوالے سے ہدایات دی گئیں۔متعلقہ افسران اور نجی کمپنیزکے عہدیداران نے کنٹی جنسی پلان پر بریفنگ دی۔ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے ہدایت کی کہ آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے کلیکشن پوائنٹس زون وائزبنائے جائیں گے ۔ نئے سینیٹری لینڈ فل سائٹ پرآپریشن سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی،تمام افسران اور کمپنیز کو ہدایت دی گئی کہ نئے سینیٹری لینڈ فل سائٹ پر ایس اوپی کے مطابق کچرا بھیجا جائے ۔ علاوہ ازیں جام چاکرواور گوند پاس لینڈ فل سائٹ پرٹرینچزبنائی جائے گی، اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو جلد سے جلد جگہ مختص کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کلیکشن پوائنٹس، آلائش اٹھانے کیلئے گاڑیاں اورعملے کی لسٹ عید سے 15 دن قبل فائنل کرکے جمع کرادی جائے تاکہ گاڑیوں کو ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے سسٹم سے منسلک کردیا جائے ۔اس کے علاوہ آپریشن کے لئے تمام مشینری اور چونے کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران کو عیدالاضحی کے انتظامات، کلیکشن پوائنٹس، آلائشوں کو مدفون کرنے کے مقامات، کیمپس لگانے ، پانی ودیگر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں اور دیگر ایجنسیز کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ عیدالاضحی پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے ، تمام زونز میں شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں۔