میٹرک امتحانات ، پیسے لیکر نقل کروانے پر 2 اسکول بلیک لسٹ

میٹرک امتحانات ، پیسے لیکر نقل کروانے پر 2 اسکول بلیک لسٹ

تعلیمی معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا اور نقل مافیا کی سہولت کاری کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا، ناظم امتحانات دسویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ امتحان سے آدھا گھنٹے قبل آؤ ٹ ، سوشل میڈیا پر جوابات بھی گردش کرنے لگے

کراچی(این این آئی)میٹرک بورڈ امتحانات میں پیسے لے کرنقل کروانے کے انکشاف پر چیئرمین میٹرک بورڈ نے دو امتحانی مراکز کو بلیک لسٹ کردیا۔صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی، غلام حسین سوہو نے امتحانی شفافیت پر سمجھوتہ کرنے والے مراکز کے خلاف سخت ترین کارروائی کرتے ہوئے دو نجی اسکولوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے ۔صوبائی وزیر کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی نے امتحانی مراکز میں پیسے لے کر نقل کروانے کے سنگین انکشاف پر بڑا ایکشن لیا۔محکمہ تعلیم نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بدعنوان اساتذہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔

ناظم امتحانات نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں طلبہ سے نقل کروانے کے عوض رقم بٹورنے کے شواہد ملے تھے۔چیئرمین میٹرک بورڈ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نیشنل گرامر اسکول (شادمان ٹاؤن، ملیر)اور گریس اکیڈمی لرننگ اسکول(قائد آباد)کو بلیک لسٹ کر دیا جبکہ ان مراکز کے سپرنٹنڈنٹس کو بھی فوری طور پر عہدوں سے معطل کر دیا گیا ہے ۔معاملے کی مکمل شفافیت کے ساتھ چھان بین کے لیے ڈپٹی سیکریٹری بورڈ کی سربراہی میں ایک 5 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔بورڈ نے طلبہ کی سہولت اور امتحانی عمل جاری رکھنے کے لیے مراکز کو فوری منتقل کر دیا ہے۔

گریس اکیڈمی قائد آباد کا سینٹر اب الائیڈ سیکنڈری اسکول(گلستان سوسائٹی) میں ہوگا جبکہ نیشنل گرامر اسکول ملیر کا سینٹر تبدیل کر کے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول (خلد آباد) منتقل کر دیا گیا ہے ۔ناظم امتحانات نے کہا کہ تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نقل مافیا کی سہولت کاری کرنے والے عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔ منگل کے روز دسویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ امتحان سے آدھا گھنٹے قبل آؤ ٹ ہوگیا۔ ثانوی میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں کے امتحانات جاری ہیں لیکن امتحانات کے حوالے سے میٹرک بورڈ انتظامیہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ منگل کو بھی دسویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ امتحان سے آدھا گھنٹے قبل آؤ ٹ ہوگیا جب کہ پرچے کے ساتھ سوشل میڈیا پر جوابات بھی گردش کرنے لگے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں