بدین کے کئی علاقوں میں بدترین گیس لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان
کئی کئی گھنٹے گیس فراہمی مکمل بند، عوام مہنگی ایل پی جی خریدنے پرمجبور ہیںگھریلو اخراجات بڑھ گئے ، شکایات کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی، علاقہ مکین
پنگریو (نامہ نگار)گیس کی دولت سے مالامال بدین کے شہروں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے پنگریو، ٹنڈوباگو سمیت درجنوں علاقوں کے شہری اذیت میں مبتلا ہیں، شہروں اور دیہی علاقوں میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کی جانے والی گیس کی بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کرکے رکھ دی ہے ، جہاں پنگریو، ٹنڈوباگو، شادی لارج، نندو، کھوسکی، ملکانی شریف، حاجی خان ویڑھو، خلیفوقاسم، گوٹھ حاجی دین محمد اور خیرپور گمبو کے مکین شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق کئی کئی گھنٹوں تک گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند رہتی ہے جبکہ صبح کے ناشتے ، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث گھروں میں کھانا پکانا ناممکن ہوچکا ہے۔
گیس کی بندش سے خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور گھریلو نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کے باعث وہ لکڑیاں، کوئلہ اور مہنگی ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف اخراجات بڑھ گئے ہیں بلکہ دھویں کے باعث صحت کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ بچوں اور بزرگوں کو سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے اور بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔