ایران کی آبنائے ہرمز میں امریکی مائن سویپر کو پیچھے ہٹنے کی وارننگ

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران امریکی مائن سویپر کو پیچھے ہٹنے کی وارننگ دی تھی۔

اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی مائن سویپر سے متعلق کشیدہ صورتحال کا انکشاف کیا ہے، ٹی وی انٹرویو میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری سرگرمیوں پر براہ راست امریکی وفد سے سخت مؤقف اختیار کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آبنائے ہرمز اسلامی جمہوریہ ایران کے کنٹرول میں ہے، تہران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی امریکی کوششوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا اور خبردار کیا کہ صورتحال مزید بگڑنے کے قریب تھی۔

باقر قالیباف نے کہا کہ دونوں فریق ایک بار پھر تصادم کی جانب بڑھ رہے تھے لیکن دشمن پیچھے ہٹ گیا، امریکی وفد سے کہا کہ اگر ان کا مائن سویپر اپنی موجودہ پوزیشن سے ذرا بھی آگے بڑھا تو ہم اسے ضرور نشانہ بنائیں گے۔

انہوں نے حکم جاری کرنے کیلئے 15 منٹ مانگے اور پھر پیچھے ہٹ گئے، امریکا کئی دنوں سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کر رہا ہے، جو ایک بھونڈا اور نادان فیصلہ ہے، امریکا سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن اب بھی بہت فاصلہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں