حکومت سندھ کا حیدرآباد میں بھی پنک سکوٹیز جلد تقسیم کرنے کا اعلان

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کی جانب سے سکھر کے بعد حیدرآباد میں بھی پنک سکوٹیز جلد تقسیم کرنے کا اعلان ک دیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکھر میں کامیاب آغاز کے بعد حیدرآباد کی خواتین میں بھی پنک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو نہ صرف مفت سکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور باقاعدہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار اور خود اعتماد بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سکھر و شکارپور کے بعد اب پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پو روٹس پر بھی جلد پیپلز بس سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر جلد پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ منصوبوں کا مقصد عوام کو سستی، بہترین اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جو براہ راست عام آدمی، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں