زرین خان کی پہلی محبت کون؟ اداکارہ کا انتہائی جذباتی پیغام وائرل
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ زرین خان نے کہا ہے کہ میری والدہ میری پہلی محبت تھیں، وہ بہترین دوست بلکہ میری دنیا تھیں۔
بالی وڈ کی 38 سالہ خوبرو اداکارہ زرین خان ان دنوں اپنی والدہ پروین خان کے انتقال کے باعث گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں، اس حوالے سے انہوں نے والدہ کی وفات کے 10 دن بعد سوشل میڈیا پر نہایت جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ والدہ کی جدائی نے دل میں ناقابل تلافی خلا اور مسلسل رہنے والا درد پیدا کر دیا ہے، ان کو گئے ہوئے 10 دن ہوگئے ہیں، میں کوئی طویل پیغام نہیں لکھوں گی، آپ بخوبی جانتی ہیں، آپ کے بغیر میں کس کیفیت سے گزر رہی ہوں، آپ کی بہت یاد آتی ہے، دوبارہ ملاقات تک۔
اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد نے اداکارہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، اُن کیلئے دعائیں اور حوصلہ افزا پیغامات بھیجے ہیں، زرین خان کی والدہ کا انتقال 8 اپریل کو ہوا، کئی مداحوں نے اس موقع پر ماں اور بیٹی کے مضبوط تعلق کو یاد کیا۔
اداکارہ نے 2010ء میں سلمان خان کے مقابل فلم ویر سے فلم نگری میں قدم رکھا تھا، جس کے بعد وہ ہاؤس فل 2، ہیٹ سٹوری 3، اکثر 2 اور 1921ء جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔