خلائی انقلاب کا مرکز! چین میں ’سیٹلائٹ ٹاؤن‘ کی تعمیر تیزی سے جاری

بیجنگ :(دنیا نیوز) چین اپنی خلائی صنعت کو وسعت دینے کے لیے بیجنگ میں ایک مخصوص صنعتی مرکز تعمیر کررہا ہے جسے ‘سیٹلائٹ ٹاؤن’ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا بڑا حصہ 2026 کے آخری مہینوں تک تیار ہوجائے گا۔

یہ ٹاؤن زمین پر ایک ایسا علاقہ ہوگا جہاں سیٹلائٹ بنانے والی کمپنیاں اور ماہرین مل کر کام کریں گے تاکہ چین کی خلائی معیشت کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس وقت چین میں خلا میں بھیجے جانے والے 60 فیصد سے زائد مشن نجی یا تجارتی نوعیت کے ہیں اور بہت سی نئی کمپنیاں اس شعبے میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔

اس سیٹلائٹ ٹاؤن کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سیٹلائٹ تیار کرنے، ان کے پرزے بنانے اور انہیں کنٹرول کرنے کا عمل آسان ہوسکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ، خلا میں ڈیٹا پروسیسنگ اور 6G جیسی جدید ٹیکنالوجی پر کام تیز ہوجائے گا۔

یہ مرکز نہ صرف نئی ایجادات کے لیے بہترین جگہ ثابت ہوگا بلکہ یہاں بڑی مقدار میں سرمایہ کاری اور ماہرین کی دستیابی سے چین کی خلائی مارکیٹ کھربوں روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں