دانشورانہ املاک کا تحفظ معاشی ترقی کے لیے ناگزیر،گورنر
نوجوانوں، تخلیق کاروں اور کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ،پیغامنہال ہاشمی سے میاں محمد سومرو کی ملاقات ،صوبے کی ترقی کے حوالے سے گفتگو
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ دانشورانہ املاک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دانشورانہ املاک کا تحفظ تخلیقی صلاحیتوں، جدت اور معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے تھیم کے مطابق نوجوانوں، تخلیق کاروں اور کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت حاصل کر سکے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک میں آئی پی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قوانین اور ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے ۔گورنر سندھ نے کہاکہ نئی ایجادات، آرٹ، موسیقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ برائے دانشورانہ املاک کے تعاون سے آگاہی مہمات کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں شعور اجاگر ہو۔گورنر سندھ نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو رجسٹر کروا کر قانونی تحفظ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دانشورانہ املاک کا تحفظ ملکی معیشت کو مستحکم اور عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سے سابق چیئرمین سینیٹ وگورنر سندھ میاں محمد سومرو نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات کے دوران صوبے کی ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی اور مؤثر انتظامی اقدامات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔دوران ملاقات عوامی مسائل کے دیرپا حل اور فلاحِ عامہ کے منصوبوں کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔