لٹھ بستی میں فلوٹنگ جیٹی اور کمیونٹی سینٹر کا افتتاح

 لٹھ بستی میں فلوٹنگ جیٹی اور کمیونٹی سینٹر کا افتتاح

ماہی گیروں کو آمدورفت، کشتیوں کے محفوظ ٹھہراؤکی سہولیات میسر آئیں گیحکومت ساحلی علاقوں کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ،دوست محمد راہموں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے تحت سندھ کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ملیر کے علاقے لٹھ بستی میں فلوٹنگ جیٹی اور کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقیات دوست محمد راہموں تھے جبکہ رکن قومی اسمبلی سید آغا رفیع اللہ، رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی جنگلات و جنگلی حیات محمود عالم جاموٹ، سیکریٹری ماحولیات زبیر احمد چنہ، ڈائریکٹر جنرل سندھ کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آغا شہنواز خان، مقامی معززین، ماہی گیر برادری سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دوست محمد راہموں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ساحلی علاقوں کی ترقی، ماہی گیروں کی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ یہ فلوٹنگ جیٹی 32 ٹن تک کا وزن اٹھا سکتی ہے ۔ فلوٹنگ جیٹی سے مقامی ماہی گیروں کو آمدورفت، کشتیوں کے محفوظ ٹھہراؤ، روزگار میں آسانی اور سماجی سرگرمیوں کیلئے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں ساحلی علاقوں کو ترقی دے کر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ سیکریٹری ماحولیات زبیر احمد چنہ نے کہا کہ محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقیات سندھ کے ساحلی علاقوں میں پائیدار ترقی، ماحول کے تحفظ اور مقامی آبادی کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔ لٹھ بستی منصوبہ نہ صرف ترقیاتی کام ہے بلکہ یہ کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور بہتر طرز زندگی فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں