کشمور:بی آئی ایس پی رقم سے غیر قانونی کٹوتی کرنیوالے 4افراد گرفتار
کشمور (نمائندہ دنیا) ڈیرہ موڑ سروے سینٹر پر حساس اداروں اور انتظامیہ کا مشترکہ چھاپہ، 4 افراد گرفتار ، غریب اور مستحق خواتین کے حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کا گھیرا تنگ کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ مختیار کار کشمور یامین جکھرانی اور حساس اداروں نے عوامی شکایات پر مستحق خواتین کو ملنے والی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم میں غیر قانونی کٹوتی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد گرفتار کر لیے ۔ اسسٹنٹ مختیار کار نے بطور اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ اختیارات استعمال کرتے ہوئے بسپ سینٹر پر کٹوتی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ حساس ادارے ریاست کی سکیورٹی اور اندرونی استحکام کی نگرانی کرتے ہیں، اگر کہیں بڑے پیمانے پر فراڈ یا عوامی نظم و ضبط کو نقصان پہنچ رہا ہو تو وہ سول انتظامیہ کی مدد ایڈ سول اختیارات استعمال کر کے کارروائی کر سکتے ہیں یا انتظامیہ کو ٹھوس معلومات فراہم کر کے ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ایسی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ غریبوں کو ان کا حق بغیر کسی سفارش اور رشوت کے مل سکے ۔