یونیورسٹی رو ڈ کی تکمیل کی حتمی تاریخ طلب

یونیورسٹی رو ڈ کی تکمیل کی حتمی تاریخ طلب

مرکزی شاہراہ ہے ، تاخیر سے لاکھوں شہری متاثر ہو رہے ہیں،عدالتمنصوبے میں تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے کمیشن بنانے کی تجویز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ ٹو کے کنٹریکٹر کی سائٹ سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سڑک کی تکمیل کی حتمی تاریخ طلب کرلی۔ جسٹس سلیم جیسر اور جسٹس نثار احمد بھمبھرو پر مشتمل بینچ کے روبرو ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو اور ٹرانس کراچی کے وکیل پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین احمد نے نشاندہی کی کہ سائٹ سیل ہونے کے باوجود وہاں سرگرمیاں جاری ہیں اور یہ بھی سوال اٹھایا کہ پولیس اور مختیارکار نے کس قانون کے تحت سائٹ سیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سائٹ پر موجود مشینری کی انوینٹری مکمل کرنے میں مزید ایک ہفتہ درکار ہوگا۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاٹ ٹو کا کنٹریکٹ تاحال کسی نئے کنٹریکٹر کو نہیں دیا گیا، فی الحال صرف ڈرینج اور سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ انہیں معاہدے سے کوئی غرض نہیں، بتایا جائے کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری کام کب مکمل ہوگا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یونیورسٹی روڈ شہر کی مرکزی شاہراہ ہے اور تاخیر سے لاکھوں شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ عدالت نے منصوبے میں تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے کمیشن بنانے کی تجویز بھی دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں