فارم ہاؤس پرمسلح افراد کا دھاوا،نقدی اورسامان لوٹ لیا
فارم ہاؤس پر قبضے کی کوشش، افراد کو یرغمال بنانے اور اغوا کا مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر )سچل میں واقع فارم ہاؤس پر 15 سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بول کر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا جبکہ فارم ہاؤس پر قبضے کی کوشش، افراد کو یرغمال بنانے اور اغوا کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری عبدالرحمان کے مطابق اسلحے سے لیس ملزمان دروازہ توڑ کر زبردستی فارم ہاؤس میں داخل ہوئے اور وہاں موجود گارڈز، سپروائزر اور ان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ملزمان فارم ہاؤس پر قبضے کی نیت سے آئے تھے اور ان کے ساتھ ایک پولیس موبائل بھی موجود تھی۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے اسٹاف کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں گاڑی میں اپنے ساتھ لے جاکر مختلف علاقوں میں گھمایا، بعد ازاں دھمکیاں دے کر چھوڑ دیا جبکہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
عبدالرحمان کے مطابق ملزمان 5 لاکھ روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ ملزمان فارم ہاؤس پر قابض بھی ہوگئے تھے اور دوران واردات موبائل فون سے اپنی تصاویر بھی بناتے رہے۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ بعد میں ون فائیو پر اطلاع دی گئی، جس پر پولیس کے ہمراہ فارم ہاؤس پہنچے تو ملزمان فرار ہوچکے تھے ۔ بھگدڑ کے دوران ملزمان اپنا ایک موبائل فون جائے وقوعہ پر چھوڑ گئے ، جس سے تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔