غلط ایف آئی آر درج کر دی گئی، فارم ہاؤس کے متاثرہ شہری کا الزام
کراچی (آئی این پی)فارم ہاؤس حملہ اور ڈکیتی کیس میں شہری عبدالرحمان نے الزام لگایا ہے کہ سچل پولیس نے غلط ایف آئی آر درج کر دی ہے ، مقدمے میں واقعے کی عکاسی درست نہیں کی گئی ہے ۔
مدعی نے الزام لگایا کہ سچل پولیس نے اس کے بیان کی بجائے غلط ایف آئی آر درج کر دی ہے ، ایف آئی آر میں پولیس اہلکاروں اور قبضے کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا، ملزمان کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق سچل میں واقع فارم ہاؤس پر مسلح ملزمان نے دھاوا بول دیا تھا، اس واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج کیا گیا ہے ، متن کے مطابق 15 سے زائد اسلحے سے لیس افراد دروازہ توڑ کر زبردستی اندر داخل ہوئے اور گارڈز، سپر وائزر اور ان کے اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔دوسری طرف متاثرہ شہری نے بتایا کہ اسلحے سے لیس 15 سے زائد ملزمان نے واردات کے دوران 5 لاکھ روپے اور قیمتی سامان لوٹا ہے ، اور وہ فارم ہاؤس پر قبضے کی نیت سے آئے تھے ، اور مسلح ملزمان کے ساتھ پولیس موبائل بھی موجود تھی۔