ٹریفک قوانین کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا رہے ، اعظم جمالی

ٹریفک قوانین کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا رہے ، اعظم جمالی

ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری سے اسٹریٹ کرائم بھی کم ہورہے ، ایس ایس پی ویسٹ جلد بازی اور قوانین سے غفلت ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات ہیں،سعدیہ راشد

کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ پولیس صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا رہی ہے ، جس کے مثبت اثرات نہ صرف ٹریفک نظم و ضبط بلکہ اسٹریٹ کرائم میں کمی کی صورت میں بھی سامنے آرہے ہیں۔ درست بات کرنے اور صحیح عادت اپنانے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ بچے بھی ٹریفک قوانین کے حوالے سے اپنے والدین کی اصلاح کرسکتے ہیں۔ آئندہ ہمارے تمام اقدامات مزید جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سندھ پولیس ویسٹ محمد اعظم جمالی نے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس بعنوان ‘‘روڈ سینس اپنائیں، زندگیاں بچائیں’’سے بہ طور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے کی۔

سعدیہ راشد نے کہا کہ زندگی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ سب سے قیمتی نعمت ہے ۔ ایک انسان کی جان صرف اس کی اپنی نہیں ہوتی بلکہ اس سے والدین کی امیدیں، ماں کی دعائیں اور قوم کا مستقبل وابستہ ہوتا ہے ۔ اس حقیقت کے باوجود ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات لمح فکریہ ہیں،ہر حادثے میں قیمتی زندگیاں ضائع ہورہی ہیں اور اس کے پیچھے جلد بازی، غفلت اور ٹریفک قوانین سے لاپروائی بنیادی وجوہات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کا الزام کسی ایک پر نہیں ڈالا جاسکتا بلکہ ہم سب کے عمومی رویے اس کے ذمے دار ہیں لہٰذا انسانی رویوں میں  احساسِ ذمے داری پیدا کرنا ناگزیر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں