بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج، سڑکیں بلاک

 بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج، سڑکیں بلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج سڑکیں بلاک کردیں، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی۔ شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کراسنگ، سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی اور سعودآباد میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مکینوں نے احتجاج کیا۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ مظاہرین نے کورنگی کراسنگ روڈ کو بلاک کردیا، جس کے باعث کورنگی پل اور قیوم آباد سمیت اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، جس سے شدید گرمی میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ شہریوں نے کے الیکٹرک پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب احتجاج کے باعث ٹریفک پولیس نے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑنے کی کوششیں کیں تاہم رش کے باعث صورتحال متاثر رہی۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں