لاپتہ افراد کیس،متعدد درخواستوں پر فریقین کو نوٹس

 لاپتہ افراد کیس،متعدد درخواستوں پر فریقین کو نوٹس

سندھ ہائیکورٹ نے بعض مقدمات میں پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں تفتیشی افسر کی پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شہر کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے متعدد درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ بعض مقدمات میں پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔ عدالت نے مسمات کلثوم، روحان خان اور مسمات زینب کی جانب سے دائر درخواستوں پر آئی جی سندھ، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔دوران سماعت عدالت نے سید شہاب علی رضوی کی گمشدگی کے خلاف عابدہ بیگم کی درخواست پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کی۔ درخواست گزار کے مطابق سید شہاب جمشید کوارٹرز کے علاقے سے لاپتہ ہوئے تھے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ شہری کی تلاش کے لیے مختلف اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں اور ان کے جوابات کا انتظار ہے ، اس لیے پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی اور سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی سول لائنز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سہراب گوٹھ سے لاپتہ عبداللہ گھر واپس پہنچ چکا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں