عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے کے خصوصی انتظامات
کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات پر اتفاق کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، اضلاع میں ویجیلینس کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے ، ٹھکانے لگانے اور شہر میں صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سڑکوں اور کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے یا انہیں پھاڑنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی، اسسٹنٹ کمشنر کراچی ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، تمام ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک، بلدیہ عظمی، ٹان میونسپل ایڈمنسٹریشنز، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحی کے دوران آلائشیں بروقت اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے مربوط اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی، جبکہ شہر بھر میں صفائی کے خصوصی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے ۔ اس موقع پر سڑکوں، گلیوں اور کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ہدایت دی کہ تمام اضلاع میں سب ڈویژن کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ویجیلینس کمیٹیاں قائم کی جائیں، جن میں بلدیاتی اداروں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے شامل ہوں گے۔