کنڈیارو:پولیس سے مقابلے میں منشیات اسمگلر مارا گیا

کنڈیارو:پولیس سے مقابلے میں منشیات اسمگلر مارا گیا

مشکوک گاڑیاں روکنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ، 2ملزم گرفتارشہداد پور میں لنڈو شاخ روڈ پرموٹر سائیکل چھیننے میں مزاحمت پرشہری زخمی

کنڈیارو، شہداد پور (نمائندگان دنیا)کنڈیارو میں پولیس اور منشیات اسمگلروں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ 2 گرفتار کرلیے گئے ، پولیس کے مطابق خانواہن تھانے کی حدود دیہات لنک روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں نسیم عرف محبوب علی منگلو زخمی ہوا جو بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ یاسین تنیو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ایک اور ملزم نعیم تنیو کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 800 کلو بھنگ، دو پستول، ایک وین اور ایک ٹیوٹا کرولا کار برآمد کی گئی، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر شہدادپور کے گاؤں کا رہائشی محمد یونس ڈیرو ساتھی دلشاد کلوئی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گاؤں جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح ملزمان نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں محمد یونس دیرو زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ زخمی کو فوری سمس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے ۔ زخمی محمد یونس دیرو کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل چھیننا چاہتے تھے اور مزاحمت پر فائرنگ کی۔واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں