عازمین حج مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کریں، شجاع الدین
مسلم ممالک کے سربران مکہ میں کانفرنس بلاکر طاغوت کیخلاف اقدامات کا اعلان کریںیہود ونصاریٰ بے یارو مددگار مسلمانوں کی نسل کشی پر تلے ہیں، سربراہ تنظیم اسلامی
جیکب آباد (نامہ نگار)ذوالحج کی مبارک ساعتوں میں عازمینِ حج دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔مسلم ممالک کے سربراہان حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میں خصوصی کانفرنس کا انعقاد کر کے تمام طاغوتی قوتوں کے خلاف عملی اقدامات کا اعلان کریں۔ان خیالات کا اظہارتنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود ہیں اور ذوالحج کے پہلے عشرہ کی بابرکت ساعتوں میں اﷲ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس مبارک عشرہ میں دنیا کے ہر کونے سے لبیک کا نعرہ بلند کر کے اﷲ وحدہ لا شریک کی کبریائی کا اقرار کیا جاتا ہے ۔ امیر تنظیم نے اپیل کی کہ دنیا بھر کے مسلمان خصوصاً حجاج کرام غزہ، مغربی کنارے ، لبنان، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی خصوصی دعاں میں یاد رکھیں جن پر ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل اور ابلیسی اتحادِ ثلاثہ میں اس کے اتحادی امریکہ اور بھارت نہ صرف مسلسل ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں بلکہ اِن بے یارو مددگار مسلمانوں کی نسل کشی پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسلمان ممالک کے سربراہان اور مقتدرحلقوں کی غیرتِ ایمانی اور حمیتِ دینی کو جگاتے ہوئے کہا کہ حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میں ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد کر کے اسرائیل اور امریکہ سمیت ان کے معاونین کے خلاف عملی اقدامات کا اعلان کیا جائے ۔