کالجوں میں سامان کی عدم فراہمی سیکریٹری برہم
کنٹریکٹر نے سامان فراہم نہیں کیا تو کارروائی ہوگی،ندیم الرحمٰن میمن ریجنل ڈائریکٹرز سے ورک آرڈرز، آڈٹ ریکارڈکی رپورٹ طلب
کراچی (سٹی ڈیسک) سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت مالی سال 2021 تا 2025 کی پروکیورمنٹ اسکیموں پر پیشرفت سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز زاہد راجپر، اسپیشل سیکریٹری فرخ شہزاد قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری مختیار ملاح، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سجاد ابڑو،چیف انجینئر سلیم شیخ، تمام ریجنل ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام ریجنل ڈائریکٹرز نے اپنے زیر انتظام کالجوں کی پروکیورمنٹ صورتحال پر جامع بریفنگ دی جس میں بعض کالجوں میں سامان کی عدم فراہمی کی نشاندہی پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر کسی کنٹریکٹر نے سامان فراہم نہیں کیا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
کسی کو اختیار نہیں کہ وہ محکمہ کا سامان روکے ۔اگر کسی افسر کی ملی بھگت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ سیکریٹری ندیم الرحمان نے ریجنل ڈائریکٹرز کو تمام ورک آرڈرز، آڈٹ ریکارڈ اور خریداری کے عمل کی جانچ پڑتال مکمل کر کے آئندہ ہفتے تک جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام امور مقررہ وقت، قواعد و ضوابط اور مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں۔ کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں۔ جس کالج یا ریجن میں فنڈز جاری ہونے کے باوجود سامان فراہم نہیں کیا گیا وہاں ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔ ہر اسکیم کے تحت خریدے گئے سامان کی فزیکل ویری فکیشن کی جائے ۔