کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی سردار رحیم سے ملاقات

کل جماعتی حریت کانفرنس کے  وفد کی سردار رحیم سے ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے ملاقات کی۔۔

 جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حریت کانفرنس کے وفد میں شیخ عبدالمتین ، زاہد صفی ، شیخ عبدالماجد اور سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے ، جبکہ مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے سینئر نائب صدر کراچی ڈویژن نعیم سجاد ، سیکریٹری جنرل کراچی ڈویژن جمشید خان اور سیکریٹری اطلاعات کراچی ڈویژن اسامہ جعفری بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ بعد ازاں وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔اس موقع پر غلام محمد صفی نے 8 جولائی کو شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یوم شہادت کے موقع پر آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقصد شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش، کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے ۔

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن و منصفانہ حل کے لیے اپنی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جماعت 8 جولائی کی ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی اور ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل ، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں