بدامنی کے خلاف پنگریو میں لوگ سڑکوں پرنکل آئے
پنگریو (نمائندہ دنیا)ٹنڈوباگو میں بدامنی کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، چوری، ڈکیتی اور مبینہ طور پر منشیات کی سرعام فروخت کے خلاف بکاری باؤنڈری کے مقام پر سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے بدین-ٹنڈوباگو روڈ کو بلاک کر کے دھرنا دیا۔
لگ بھگ دو گھنٹے جاری رہنے والے احتجاج کے باعث دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، رہنماؤں نے امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، اور الزام عائد کیا کہ علاقے میں تقریباً ہر رات چوری کی وارداتیں ہورہی ہیں، جبکہ دن دہاڑے مسلح افراد سڑکوں پر شہریوں کو روک کر نقد رقم، موبائل فون، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان چھین لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب مزدور اپنے بچوں کے لیے چند کلو آٹا بھی محفوظ طریقے سے گھر نہیں لے جا سکتا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے جرائم کیخلاف مؤثر اور فوری کارروائی نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔