میرپور خاص:بچی کی ہلاکت پرہندو عامل ساتھی سمیت گرفتار
2روزہ جسمانی ریمانڈ ، راموں کولہی، کانجھی کولہی کے خلاف مقدمہ درجڈی آئی جی کی متاثرہ خاندان سے تعزیت، انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرائی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)کوٹ غلام محمد کے واگھریجی اسٹاپ کے نزدیک گزشتہ روز پیش آئے زیادتی کے واقعہ اور بچی کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ واقعہ میں نامزد دو ملزمان راموں کولہی اور کانجھی کولہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، جنہیں عدالت میں پیش کرکے پولیس نے ریمانڈ حاصل کرلیا، عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے تفتیش کے دوران مبینہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے دونوں بچیوں کو مشروب میں نشہ آور گولیاں ملا کر پلائیں جس کے بعد انہیں بے ہوشی کی حالت میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا تاکہ مزید تفتیش مکمل کی جا سکے۔
بعد ازاں پولیس ملزمان کو تعلقہ اسپتال کوٹ غلام محمد لے گئی جہاں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کیے گئے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں جاں بحق کمسن بچی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائینگے ، انہوں نے واضح کیا کہ اس اندوہناک واقعہ میں ملوث کسی بھی ملزم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش سائنسی شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہے۔