گلشن ٹاؤن :واٹرکارپوریشن کاریکوری و صارف آگاہی کیمپ
گلشن ٹاؤن :واٹرکارپوریشن کاریکوری و صارف آگاہی کیمپ صارفین نے واجبات کی ادائیگی، بلوں کی تصحیح اور دیگر سہولیات سے استفادہ کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ریکوری اینڈ ریونیو جنریشن ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام گلشن ٹاؤن میں ریکوری و صارف آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے واجبات کی ادائیگی، بلوں کی تصحیح اور دیگر سہولیات سے بھرپور استفادہ کیا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کیمپ میں مجموعی طور پر 388 صارفین نے شرکت کی۔ اس موقع پر 68 لاکھ روپے کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی گئی، جبکہ 48 لاکھ روپے کی فوری وصولی عمل میں آئی۔ علاوہ ازیں 64 ڈپلیکیٹ بل جاری کیے گئے ، 170 ٹوکن ادائیگیاں وصول ہوئیں، مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کی بلنگ کی گئی، جبکہ 290 بل اسٹبز بھی پراسیس کیے گئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ریکوری و صارف آگاہی کیمپوں کا مقصد صرف واجبات کی وصولی نہیں بلکہ صارفین کو بلنگ، ادائیگی کے طریقئہ کار، بلوں کی تصحیح اور دیگر متعلقہ سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا بھی ہے تاکہ ان کے مسائل بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے گلزارِ ہجری ٹاؤن اسکیم 33 میں بھی کامیاب ریکوری و صارف آگاہی کیمپ منعقد کیا گیا تھا، جہاں صارفین نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف ٹاؤنز میں مرحلہ وار مزید کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو ان کی دہلیز کے قریب معیاری اور ون ونڈو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments