غیرملکی سگریٹ اسمگلنگ،ملزمان کی بعدازگرفتاری ضمانت
عدالت کا دونوں ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان اسمگل شدہ سگریٹ کے مالک نہیں تھے ،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کیش وین کے ذریعے بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جانے والی غیر ملکی سگریٹ کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان مردان اور عبدالقاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے پریونٹیو افسر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق 13 اپریل 2026 کو صبح 10 بجے بلوچستان سے کراچی آنے والی ایک وین کو اسمگلنگ کے شبے میں موچکو پولیس چیک پوسٹ پر روکا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق وین پر ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا لوگو لگا ہوا تھا جبکہ دونوں ملزمان نجی سکیورٹی گارڈز کی وردی میں سوار تھے ۔ ملزمان نے کسٹمز حکام کو بتایا کہ وہ بینک کے لیے رقم منتقل کر رہے ہیں، تاہم وین کی تلاشی کے دوران کارٹنوں میں غیر ملکی ساختہ سگریٹ کے 4,325 ڈبے برآمد ہوئے ۔ تحریری حکم نامے میں عدالت نے قرار دیا کہ تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے نجی سکیورٹی گارڈز کا روپ اختیار کیا ہوا تھا تاکہ شبہ سے بچ سکیں، جبکہ استعمال ہونے والی وین بھی کسی نجی سکیورٹی کمپنی کی ملکیت نہیں تھی۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان نہ تو اسمگل شدہ سگریٹ کے مالک تھے اور نہ ہی ان کے ذریعے استعمال ہونے والی وین کے مالک تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments