139 سڑکوں کی بحالی کے لیے 14 ارب کے میگا پروگرام پر عملدرآمد کا اعلان

139 سڑکوں کی بحالی کے لیے 14 ارب کے میگا پروگرام پر عملدرآمد کا اعلان

جامع پروگرام میں اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، پانی کی لائنوں کی بحالی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت شامل ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ، خود خریداری کے عمل اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کروں گا،میئر مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر کی تاریخ کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک پر عملدرآمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 ارب روپے کی لاگت سے کراچی کے تمام اضلاع میں 139 سڑکوں کی تعمیرِ نو اور بحالی کی جائے گی۔ اس جامع پروگرام میں اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، پانی کی فراہمی کی لائنوں کی بحالی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت شامل ہے ، جس سے شہری بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں اضافہ ہوگا۔ صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ، جہاں برسوں سے نظرانداز کیے گئے بنیادی ڈھانچے کو منصوبہ بندی، شفافیت اور مؤثر سرمایہ کاری کے ذریعے بحال کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں اور شہری سہولیات کی بحالی، کراچی کو جدید، مربوط اور رہنے کے لیے موزوں میٹروپولیٹن شہر بنانے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام معیاری انفرااسٹرکچر اور بہتر بلدیاتی خدمات کے مستحق ہیں۔ یہ منصوبے صرف سڑکوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کی بحالی، شہر کی شناخت کو دوبارہ اجاگر کرنے اور کراچی کے شہریوں کو وہ شہر واپس دینے کی کوشش ہیں جس کے وہ حق دار ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت، صدر آصف علی زرداری کی سرپرستی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی معاونت سے حکومت سندھ نے کے ایم سی کو بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے غیر معمولی تعاون فراہم کیا ہے ۔؎

کراچی کو طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا، لیکن آج ہم عزم، منصوبہ بندی اور جوابدہی کے ساتھ اس شہر کی تعمیرِ نو کر رہے ہیں۔میئر کراچی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود خریداری کے عمل (پروکیورمنٹ) اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گے تاکہ تمام منصوبے ایک سال کے اندر اعلیٰ ترین انجینئرنگ معیار کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ان منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کروں گا تاکہ معیاری تعمیر، شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور منصوبوں کے آغاز سے تکمیل تک سامنے آنے والے ہر مسئلے کو فوری حل کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...