بدین میں کھاد، ادویات فروشوں کیخلاف کارروائیاں، نمونے حاصل
ڈیلروں کے مراکز پرمحکمہ زراعت کے چھاپے ، لائسنس اور متعلقہ ریکارڈ چیک کیانمونوں کی سائنسی جانچ پرہی اشیا کے معیار کا حتمی فیصلہ ہوگا ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت
پنگریو (نمائندہ دنیا)ضلع بدین میں کھاد، زرعی ادویات اور بیج فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 8 سے زائد ڈیلروں کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ۔ ضلع بدین میں کھاد، زرعی ادویات اور بیج کے معیار کی جانچ کے لیے محکمہ زراعت نے ، ٹنڈو باگو، تلہاراوردیگرشہروں میں مختلف ڈیلروں کے مراکز پر اچانک چھاپے مارے ۔ کارروائی کے دوران ڈیلروں کے لائسنس اور متعلقہ ریکارڈ چیک کیے گئے ، جبکہ 8 سے زائد ڈیلروں سے کھاد اور زرعی ادویات کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ہیڈکوارٹرز سید گل نواز شاہ نے بتایا کہ کارروائیاں صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو اور ڈائریکٹر جنرل زراعت سندھ اللہ واریو رند کی ہدایات پر کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نمونوں کی سائنسی جانچ کے بعد ہی متعلقہ اشیا کے معیار کا حتمی فیصلہ ہوگا اور صرف نمونے لیے جانے کی بنیاد پر کسی ڈیلر یا کمپنی کو غیر معیاری قرار نہیں دیا گیا۔ کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت تعلقہ بدین وحید علی خاصخیلی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت تعلقہ تلہار مسرور حسن سولنگی سمیت متعلقہ افسران نے حصہ لیا۔ حکام کے مطابق آبادگاروں کو معیاری کھاد، مؤثر زرعی ادویات اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں کی نگرانی اور اچانک چیکنگ جاری رہے گی۔ لیبارٹری رپورٹ میں معیار سے انحراف، ملاوٹ یا کسی اور بے ضابطگی کی تصدیق ہونے پر ذمہ دار ڈیلروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments