2047کا پاکستان ذہین نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا ، گورنر
نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں ، نئی مہارتیں سیکھیں،اے آئی سے استفادہ کریں
کراچی (اے پی پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ 2047کا پاکستان ہونہار، باصلاحیت اور ذہین نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھر ایجوکیشن الائنس کے بچوں و نوعمر افراد کی پارلیمنٹ کے 13 رکنی وفد اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ سندھ کابینہ کے 45 رکنی وفد سے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، نئی مہارتیں سیکھیں اور جدید بالخصوص اے آئی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔ اس موقع پر یونیسیف سندھ کے چیف آف آفس پریم بہادر چند، بانی صدر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ ڈاکٹر ابوبکر، صدر سندھ کابینہ سمن عباسی، بچوں اور نوجوانوں کے تعلیم کے حق سے متعلق پارلیمانی فورم کے اراکین اور تھر ایجوکیشن الائنس کے اراکین بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے بھی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ، بڑے خواب دیکھنے چاہئیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بنانا چاہیے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments