پاکستان کی آزادی عزم، اتحاد کی داستان ،گورنر
ادبی محافل نئی نسل کو آزادی کی جدوجہد سے روشناس کرانے کا موثر ذریعہقومی یکجہتی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،گورنر ہاؤس میں مشاعرہ
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں، عزم، اتحاد اور ایمان کی داستان ہے ۔ ہمارے بزرگوں نے جان، مال، گھر اور اپنی خوشیوں کی قربانی دے کر ہمیں آزاد وطن عطا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ادبی محفل کی صدارت معروف شاعر سحر انصاری نے کی، جبکہ سابق سینیٹر عبدالحسیب، پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر)سید معظم الیاس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔مشاعرے میں معروف شعرائے کرام، ادیبوں اور دانشوروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں، دنیا میں کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے ، جبکہ جو اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں، دنیا انہیں بھی بھلا دیتی ہے ۔ پاکستان کی آزادی میں دو طبقوں، شعراء اور ادیبوں، کا کردار بھی انتہائی اہم رہا ہے ، جنہوں نے اپنے کلام کے ذریعے قوم کے لہو کو گرمایا اور آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔ نئی نسل کو یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان کس قدر مشکل حالات اور بے شمار قربانیوں کے بعد آزاد ہوا۔ آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھنا اور اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی، تعلیم کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments