غیر قانونی ذخیرہ کی گئی گندم ضبط کی جائے گی، کمشنر نوابشاہ
فلور ملز، چکی مالکان سے اجلاس، معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر نوابشاہ شہمیر خان بھٹو کی زیرِ صدارت فلور ملز اور چکی مالکان کا زوم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈویژن میں آٹے کی قیمت، معیار، دستیابی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر نے فلور ملز اور آٹا چکی مالکان کو ہدایت کی کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ذخیرہ کی گئی گندم ضبط کرلی جائیگی، آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلیے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں، متعلقہ افسران مارکیٹ میں آٹے کے نرخ اور معیار کی مسلسل نگرانی کریں۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فلور ملز اور آٹا چکیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اجلاس میں فلور ملز اور آٹا چکی مالکان نے انتظامیہ کو اپنے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا، جنہیں کمشنر نے غور سے سنا اور جائز مسائل کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments