نشتر روڈ پر فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ
مجوزہ فلائی اوور کی تعمیر سے ایک زیادہ موثر ٹریفک کوریڈور قائم ہوگا اور موجودہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی، مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کی اجلاس میں متعلقہ محکموں کو منصوبے سے متعلق تمام تکنیکی اور انتظامی تقاضے جلد مکمل اور ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت
کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نشتر روڈ،گارڈن چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے جو لیاری ایکسپریس وے کو گارڈن روڈ اور نشتر روڈ سے ایک تیز رفتار ٹریفک کوریڈور کے ذریعے منسلک کرے گا، منصوبے کا مقصد اس اہم مقام پر طویل عرصے سے جاری ٹریفک کی مشکلات کا خاتمہ، اولڈ سٹی ایریا اور اہم تجارتی مراکز تک رسائی کو بہتر بنانا اور شہریوں، تاجروں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کے لیے ٹریفک کی روانی کو مزید ہموار، تیز اور مؤثر بنانا ہے ، یہ بات انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محکمہ انجینئرنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں مجوزہ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام تکنیکی اور انتظامی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں اور ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام کا آغاز جلد از جلد ممکن بنایا جاسکے ،
مجوزہ فلائی اوور کی تعمیر پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ گارڈن کے علاقے کو نشتر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور اطراف کے تجارتی و رہائشی علاقوں سے ملانے والے اہم چوراہے پر ٹریفک کی روانی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا، منصوبہ ضروری انتظامی کارروائیوں اور تعمیراتی مراحل سمیت ایک سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مجوزہ فلائی اوور محض ایک انفراسٹرکچر منصوبہ نہیں بلکہ کراچی میں رابطہ کاری کو بہتر بنانے ، ٹریفک کی روانی کے لیے مزید مؤثر راستے فراہم کرنے اور شہر کے مصروف ترین تجارتی، رہائشی اور عوامی مقامات تک رسائی آسان بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے ،انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد صرف فلائی اوور کی تعمیر نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں، تاجروں اور شہر میں آنے والے افراد کے لیے رابطوں، رسائی اور آمدورفت کے نئے اور مؤثر راستے کھولنا ہے ، ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کام کررہے ہیں کہ شہریوں کو شہر میں آمدورفت کے دوران زیادہ سہولت حاصل ہو اور کراچی کے اہم ٹریفک کوریڈورز بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں،میئر کراچی نے کہا کہ شہر کراچی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کے شعبوں میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments