وفاقی اردو یونیورسٹی کے وفد کی مولوی عبدالحق کے مزار پرحاضری
چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی، مولوی عبدالحق اردو زبان وادب کے عظیم محسن، وی سیانکے مشن کی عظیم نشانی اردو یونیورسٹی علمی ذمہ داریاں بھرپور ادا کرتی رہے گی، پیغام
کراچی(سٹی ڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِانتظام بابائے اردو مولوی عبدالحق کے مزار پرحاضری دی گئی۔ اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ضابطہ خان شنواری کی جانب سے رجسٹرار پروفیسر سید عنایت علی شاہ اورڈین وانچارج کیمپس ڈاکٹر کمال حیدر نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے اردو مولوی عبدالحق اردو زبان و ادب کے عظیم محسن اور قومی علمی و ادبی ورثے کی ایک نمایاں شخصیت تھے ۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان کے فروغ، تحفظ اور ترویج کے لیے وقف کی۔ وفاقی اردو یونیورسٹی بابائے اردو کے عظیم مشن کی امین ہے اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنی علمی و تحقیقی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ بابائے اردو کی علمی و ادبی خدمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی قائم کردہ علمی روایت کو آگے بڑھانا وفاقی اردو یونیورسٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ڈین و انچارج کیمپس ڈاکٹر کمال حیدر نے کہا کہ بابائے اردو نے اردو زبان کے فروغ کیلئے جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ نئی نسل کو انکی علمی و ادبی خدمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اس موقع پریونیورسٹی کے افسران، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments