سیرت مصطفیؐ پر عمل سے کامیابیاں مل سکتیں، ثروت اعجاز
نبی کریمؐ کا کردار، گفتار اور حسن اخلاق پوری انسانیت کے لئے مشعل راہامت مسلمہ نفرت،اختلافات ختم کرکے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے ،خطاب
کراچی(این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ؐکی سیرتِ طیبہ نہ صرف عالمِ اسلام بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔ نبی کریمؐ کی حیاتِ مبارکہ محبت، اخوت، عدل، مساوات، صبر، برداشت اور حسنِ اخلاق کا عظیم عملی نمونہ ہے ۔سیرتِ مصطفی ؐکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مسلمان اپنی زندگیوں کو سیرتِ مصطفیٰ ؐ کے مطابق ڈھال لیں تو دنیا و آخرت کی کامیابیاں ان کا مقدر بن سکتی ہیں۔ اسلام زورِ بازو سے نہیں بلکہ نبی کریم ؐ کے عظیم کردار، بہترین گفتار اور حسنِ اخلاق کی بدولت دنیا کے مختلف خطوں تک پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرمؐ نے انسانیت کو امن، محبت، بھائی چارے ، عدل و انصاف اور حقوق العباد کا درس دیا اور اپنے کردار سے ثابت کیا کہ دلوں کو فتح کرنے کیلئے طاقت نہیں بلکہ اخلاق و کردار بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے سیرتِ طیبہؐ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی۔ مسلمان باہمی اختلافات، نفرتوں اور انتشار کا خاتمہ کرکے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔ دشمنانِ اسلام کی سازشوں کا مقابلہ بھی اتحاد، شعور اور اسلامی تعلیمات پر مضبوطی سے کاربند ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ نے رنگ، نسل، زبان اور علاقے کی بنیاد پر تفریق ختم کرکے انسانوں کو مساوات اور اخوت کا درس دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments