جیکب آباد:ہولڈنگ کیمپ سے افغانی فرار، تعداد 3 ہوگئی

جیکب آباد:ہولڈنگ کیمپ سے افغانی فرار، تعداد 3 ہوگئی

16 سالہ نور خان کو 8 اگست کو صدر پولیس نے گرفتار کرکے کیمپ منتقل کیا تھاغفلت برتنے والوں کو سزا دیں گے ، انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی،ڈی ایس پی

جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد ہولڈنگ کیمپ سے ایک اور غیر ملکی فرار، تعداد 3 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے یوتھ ہاسٹل کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ سے ایک اور غیر ملکی فرار ہوگیا ، جس کے بعد کیمپ سے فرار ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد 3 ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے کی شناخت 16 سالہ نور خان ولد گل شاہ سکنہ جلال آباد افغانستان کے نام سے ہوئی ،جسے 8 اگست کو صدر پولیس نے گرفتار کرکے ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی تقریباً تین ماہ پہلے 2 غیر ملکی کیمپ سے فرار ہو گئے تھے جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکے ہیں۔ ایک ہی کیمپ سے بار بار فرار ہونے کے 3 واقعات نے سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دوسری جانب کیمپ میں جیکب آباد، شکارپور اور سکھر سمیت مختلف علاقوں سے لائے گئے 67 غیر ملکی گزشتہ 15 روز سے موجود ہیں اور سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ان کی افغانستان واپسی تاخیر کا شکار ہے ۔ ہولڈنگ کیمپ کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر نوید سام نے بتایا کہ سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کا کام ہے البتہ کیمپ میں پانی، صفائی اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ بجلی کی بندش کی صورت میں جنریٹر بھی چلایا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے مزید غیر ملکیوں کی آمد متوقع ہے جس کے بعد جیکب آباد کیمپ میں موجود غیر ملکیوں کو کل روانہ کر دیا جائے گا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ نور خان کے فرار میں غفلت برتنے والوں کو سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ،انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...