میرپور خاص میں مچھروں کی بہتات، شہری پریشان
کئی علاقوں میں تاحال برساتی پانی موجود،ملیریا سمیت مختلف بیماریوں کا خدشہمطلوبہ ادویہ فراہمی میں کمی سے بلدیاتی نمائندے مچھر مار اسپرے سے قاصر
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) شہر میں مچھروں کی بہتات، شہری پریشان،برساتی اور گندے پانی کے جوہڑ مچھروں کی افزائش گاہ بن گئے ، مچھروں کی بہتات نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ،خصوصاً مغرب کے بعد مختلف علاقوں میں مچھروں کی یلغار کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہر کے متعدد مقامات پر اب تک برساتی پانی کھڑا ہے جو کئی جگہوں پر گندگی اور تعفن کی شکل اختیار کرچکا ہے جبکہ یہی پانی مچھروں کی افزائش کررہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق مختلف علاقوں میں شام ہوتے ہی مچھروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے جس کے باعث گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز میں بیٹھنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ مچھروں کی بڑھتی تعداد کے باعث ملیریا سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے ۔ سیٹلائٹ ٹاؤن گراؤنڈ، مہاجر کالونی گراؤنڈ اور جناح گراؤنڈ سمیت متعدد کھلے مقامات پر برساتی پانی تاحال جمع ہے جبکہ ٹوراآباد، اقبال نگر، ڈھولن آباد جمناداس بلوچ پاڑہ کئی مقامات پر گندگی اور غلاظت کے باعث مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ بلدیاتی ذرائع کے مطابق مچھر مار ادویات کی فراہمی میں بنیادی کردار محکمہ صحت کا ہے اور ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کو مطلوبہ ادویات کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مچھر مار اسپرے کے حوالے سے یونین کمیٹیوں کے چیئرمینز اور میرپورخاص میونسپل کارپوریشن کے دونوں ٹاؤن چیئرمینز کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مچھر مار اسپرے کا مؤثر انتظام یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments