حیدر آباد:مسافر گاڑیوں میں گیس سلنڈر کیخلاف کریک ڈاؤن
آرٹی اے کاکسی دباؤ میں نہ آنے کاعندیہ، گاڑیوں میں سلنڈر قبول نہیں، سیکریٹری
حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر قانونی اور غیر معیاری گیس سلنڈرز کا استعمال ایک بار پھر مسافروں کیلئے سنگین خطرہ بن گیا۔ پابندی کے باوجود بعض گاڑیوں میں ان خطرناک سلنڈرز کی موجودگی پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے ) نے کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔ماضی میں غیر قانونی گیس سلنڈرز پھٹنے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ سیکریٹری آر ٹی اے حسنین رضا میمن نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ مسافر گاڑیوں میں غیر قانونی سلنڈرز کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک وہ آر ٹی اے میں تعینات ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں کوئی غیر قانونی گیس سلنڈر نہیں لگنے دیں گے کیونکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، کارروائیوں کے دوران وین ایسوسی ایشن کی جانب سے سرکاری اقدامات کو رکوانے کیلئے دباؤ ڈالنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم سیکریٹری آر ٹی اے نے واضح کیا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ غیر قانونی سلنڈرز کے خلاف یہ مہم ہر صورت جاری رہے گی اور تمام مسافر گاڑیوں کو قانون کا پابند بنایا جائے گا تاکہ مسافروں کا سفر محفوظ بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments