غیر قانونی امیگریشن کی کوششیں، 5 مسافر زیرحراست
شمالی قبرص سے ڈی پورٹ ہونے والے 4 مسافروں سے تفتیش شروع چاروں مسافر پاکستان سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے ، ایف آئی اے
کراچی(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) امیگریشن کراچی نے عمرہ ویزے کے مبینہ غلط استعمال اور ایجنٹوں کی مدد سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوششوں کے انکشاف پر دو الگ الگ کارروائیوں میں 5 مسافروں کو مزید تحقیقات کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی کے حوالے کردیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، امیگریشن حکام نے مسافروں کی سفری دستاویزات اور بیانات کی جانچ پڑتال کے دوران مبینہ غیر قانونی امیگریشن سے متعلق شواہد سامنے آنے پر کارروائی کی۔ترجمان کے مطابق، پہلی کارروائی میں شمالی قبرص سے واپس آنے والے چار مسافروں محمد یاسین، ملک سبحان، عبداللہ خان اور عبدالباسط کو سیکنڈری امیگریشن چیکنگ کے دوران روک کر پوچھ گچھ کی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، چاروں مسافر پاکستان سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے ، جہاں سے مبینہ طور پر ایجنٹوں کے ذریعے اسٹڈی ویزوں پر شمالی قبرص روانہ ہوئے ۔ایف آئی اے کے مطابق، مسافروں نے اپنے بیانات میں دعویٰ کیا کہ شاہ شاور، علی، جواد اور عبدالغفار نامی افراد نے اسٹڈی ویزوں اور متعلقہ دستاویزات کے انتظام کے لیے بالترتیب 12 لاکھ، 18 لاکھ، 12 لاکھ اور 8 لاکھ روپے وصول کیے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، دوسری کارروائی میں الجزائر سے ایمرجنسی پاسپورٹ پر واپس آنے والے مسافر امام الدین کو امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران روکا گیا۔ مسافر نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ عمرہ ویزے پر سعودی عرب گیا تھا، مبینہ ایجنٹ نے اسے لیبیا بھیجنے کا انتظام کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments