پارکس ،کھیل کے میدانوں میں تجارتی سرگرمیاں،عدالت کا نوٹس
میئر ،میونسپل کمشنر کے ایم سی، کمشنراور ڈائریکٹر پارکس سے جواب طلب کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پارکس اور کھیل کے میدان نجی کنٹریکٹرز کے حوالے کرنے اور وہاں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف درخواست پر میئر کراچی، میونسپل کمشنر کے ایم سی، کمشنر کراچی اور ڈائریکٹر پارکس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنوری کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل مولوی اقبال حیدر نے موقف اختیار کیا کہ کھیل کے میدانوں کو نجی تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ سرکاری حکام نے پارکس اور کھیل کے میدانوں کو بہتر بنانے کے بجائے نجی آپریٹرز کے حوالے کردیا ہے۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق نجی آپریٹرز کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے چارجز اور داخلہ فیس وصول کررہے ہیں جس کے باعث سرکاری زمین پر قائم تفریحی مقامات تک عام شہریوں کی رسائی محدود ہوگئی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پارکس نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے کیلئے قوانین اور منظوریوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے اور متعلقہ حکام واضح کریں کہ عوامی تفریحی مقامات نجی آپریٹرز کو کن قانونی اختیارات کے تحت حوالے کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments